اسلامی معاشرہ میں عورت کا مقام

مولانا امین احسن اصلاحی

Product Information

اسلام زندگی کے ہر شعبوں میں مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے ۔ کسی پہلو کے متعلق اس نے کوئی تشنگی نہں چھوڑی ۔ ہر باب میں اصولی اور جامع رہنمائی اس نے فراہم کر دی ہے ۔ انسانی معاشرت کا ایک اہم ترین اور اساسی مسلہ عورت اور مرد کے باہمی تعلقات کا ان کے تعین میں کئی انسانی سماجوں نے  ٹھوکریں کھائیں ہیں ۔ اور اس باب میں افراط و تفریط کا شکار ہوئے ہیں ۔ اسلام  نے اس نازک ترین پہلو کی طرف ایک مناسب اور معتدل تعلیم دی ہے ۔ دوسری طرف وہ انسانی معاشرے جو اس حوالے سے  افراط کا شکار ہوئے ہیں ان میں سے ایک موجودہ مغرب بھی ہے ۔ صد افسوس کہ  اس سلسلے میں ان کے افکار و خیالات سے مسلمان بھی متاثر ہو رہے ہیں اور بالخصوص ہماری قوم کا وہ طبقہ ان سے متاثر ہو رہا ہے جو قیادت و سیادت کے منصب پر فائض ہے ۔ وہ ایک طرف تو دیکھتے ہیں کہ جس قوم کی وہ قیادت کر رہے ہیں وہ بڑی پختگی کے ساتھ  اسلامی روایات کو تھامے رکھنے کا عزم کیے بیٹھی ہے ۔ اور دوسری طرف وہ مغربی ذہن و فکر  کے حامل ہونے کی وجہ سے  مغربی اقدار کو بھی اپنانا چاہتے ہیں ۔ ان حالات میں انہوں نے منافقت کی روش بطور پالیسی  کے اپنا رکھا ہے ۔ تاکہ قوم کے اندر بھی اعتماد بحال رہے اور  اپنی مغرب نوازی کا فریضہ بھی ادا ہوتا رہے ۔ اور بتدریج قوم کے اندر تبدیلی لانے میں بھی کامیاب ہوجائیں ۔ زیرنظرکتاب میں انہی دو پہلوؤں کی طرف بالخصوص روشنی ڈالنے کی کوشش کی گئی ہے کہ ایک طرف عورت کے بارے میں اسلام کی دی گئی   اصولی  ہدایات واضح کرنے  کوشش کی گئی ہے اور دوسری طرف مسلم لیڈر شپ کے  منافقانہ روش  کو آشکار کیا گیا ہے ۔